ایک استاد، کئی شاگرد: AI سے کم ٹوکن میں پورا کام

ستمبر 2026 میں میں نے اپنی AI Safety شارٹس بنانی شروع کیں۔ چھوٹی سی ویڈیوز، کوڈ سے بنی اینیمیشن۔ ایک قسط پر 32 لاکھ ٹوکن خرچ ہو گئے۔ میں سوچ میں پڑ گیا کہ اتنی چھوٹی ویڈیو اور اتنا خرچ؟
غلطی میری تھی۔ شروع میں میں Claude Code میں ہر کام سب سے بڑے ماڈل سے کرواتا تھا۔ تحقیق بھی، کوڈ بھی، فائلیں بھی اور بار بار کی جانچ بھی۔ پھر جب ایجنٹ استعمال کرنے شروع کیے تو ایک ہی ایجنٹ ہر قسط میں پچھلی ساری کہانی ساتھ اٹھائے پھرتا تھا۔ یعنی استاد خود پیاز کاٹ رہا تھا۔ 😁
شادی کی دیگ تو سب نے دیکھی ہے۔ استاد مصالحہ طے کرتا ہے، چکھتا ہے اور فیصلہ کرتا ہے کہ دیگ تیار ہے یا نہیں۔ پیاز کاٹنا، لہسن چھیلنا، برتن دھونا، یہ شاگردوں کا کام ہوتا ہے۔ اگر استاد سارا دن پیاز کاٹتا رہے تو دیگ کبھی وقت پر نہ پکے۔

میں نے AI کے ساتھ بھی یہی کیا۔ میرا استاد Opus 5.5 ہے، اور سب سے مشکل کام ہو تو Fable 5.1۔ یہ منصوبہ بناتا ہے، اسکرپٹ اور اسٹوری بورڈ لکھتا ہے، اور آخر میں ہر چیز خود چیک کرتا ہے۔ شاگرد Sonnet 5.5 ہیں۔ یہ کوڈ لکھتے ہیں، فائلیں بناتے ہیں، تحقیق کرتے ہیں اور رینڈر چلاتے ہیں۔

قیمت کا فرق بھی دیکھ لیں۔ Anthropic API پر 10 لاکھ ٹوکن لکھنے کی قیمت Fable 5.1 پر 50 ڈالر، Opus 5.5 پر 20 ڈالر اور Sonnet 5.5 پر 10 ڈالر ہے۔ یعنی شاگرد کا کام Opus سے آدھی اور Fable سے پانچویں حصے کی قیمت میں ہو جاتا ہے۔ سبسکرپشن میں بھی یہی معاملہ ہے، بڑا ماڈل آپ کی حد جلدی ختم کرتا ہے۔

لیکن سچ یہ ہے کہ اصل بچت صرف سستے ماڈل سے نہیں آئی۔ بھاری کام سستے ماڈل پر گیا، یہ ایک وجہ ہے۔ دوسری یہ کہ استاد کا ذہن صاف رہتا ہے، وہ ہر فائل خود نہیں پڑھتا، صرف شاگرد کی مختصر رپورٹ پڑھتا ہے۔ اور تیسری، شاید سب سے بڑی، کہ اب ہر قسط کے لیے نیا شاگرد آتا ہے اور ساتھ ایک پلے بک لاتا ہے۔ پرانی ساری تاریخ دوبارہ نہیں پڑھنی پڑتی۔ جو کام سوچ مانگتا ہی نہیں، جیسے موسیقی رینڈر کرنا یا ویڈیو جوڑنا، وہ سیدھی کمانڈ سے ہوتا ہے، صفر ٹوکن۔
نتیجہ یہ نکلا کہ قسط 2، 3 اور 4 پر 17 سے 32 لاکھ ٹوکن لگے تھے۔ قسط 5 پر 4.5 لاکھ، قسط 6 پر 3.6 لاکھ اور قسط 7 پر 3.2 لاکھ۔ تقریباً 75 سے 85 فیصد کم۔ اور جو بات مجھے سب سے اچھی لگی، درستگی کے چکر بھی 2 یا 3 سے کم ہو کر صرف 1 رہ گئے۔ معیار نہیں گرا، کیونکہ فیصلہ اور جانچ اب بھی استاد کے پاس ہے۔

اسی طریقے سے 100 شارٹس بنیں، اساتذہ کے دن کی فلم بنی، شکرگزاری کی ویڈیو بنی، ڈیلی ذکر کی 64 ریلز اور 444 تصاویر بنیں، اور ایک کلائنٹ کا 20 سیکنڈ کا اشتہار بھی۔ اور یہ ویڈیو بھی۔ اسکرپٹ اور اسٹوری بورڈ Opus 5.5 نے لکھا، کوڈ، اینیمیشن اور موسیقی دو Sonnet 5.5 شاگردوں نے ایک ساتھ بنائی، اور ہر منظر کی جانچ استاد نے کی۔ پھر ایک تیسرے شاگرد نے میری بتائی ہوئی غلطیاں ٹھیک کیں۔ تینوں شاگردوں نے مل کر تقریباً 6.3 لاکھ ٹوکن کا کام کیا، جبکہ استاد کو پوری گفتگو میں صرف تقریباً 2.3 لاکھ ٹوکن پڑھنے پڑے۔ درستگی کا چکر صرف ایک لگا۔
آپ یہ کیسے کر سکتے ہیں
اگر آپ Claude Code استعمال کرتے ہیں تو یہ کام ایک دوپہر کا ہے۔
پہلا، مین سیشن Opus 5.5 پر رکھیں۔ بہت مشکل منصوبہ ہو تو Fable 5.1۔
دوسرا، اپنی CLAUDE.md فائل میں ایک اصول لکھ دیں کہ عام کام، جیسے تحقیق، فائلیں بنانا، کوڈ اور بار بار کی جانچ، Sonnet ایجنٹس کریں گے اور مین ماڈل صرف منصوبہ، جانچ اور فیصلے کرے گا۔
تیسرا، جو کام بار بار ہوتا ہے اس کی ایک پلے بک بنا لیں۔ ایک فائل جس میں لکھا ہو کہ کام کیسے ہوتا ہے، کون سی فائلیں کہاں ہیں اور اچھا نتیجہ کیسا دکھتا ہے۔ پھر ہر بار استاد کو لمبی ہدایات نہیں دینی پڑتیں۔
چوتھا، ہر کام کے لیے نیا ایجنٹ۔ ایک ہی ایجنٹ کو مہینوں تک چلاتے رہیں تو وہ ہر بار پوری پرانی کہانی دوبارہ پڑھتا ہے، اور ٹوکن وہیں جلتے ہیں۔
پانچواں، جو کام صرف کمانڈ ہے اسے کمانڈ ہی رہنے دیں، ایجنٹ نہ بنائیں۔
اور آخری، جانچ کبھی نہ چھوڑیں۔ شاگرد کا کام استاد ضرور دیکھے، ایک واضح ہدایت کے ساتھ ایک بار دوبارہ کروائے۔

ہر چھوٹی بات ایجنٹ کو دینا بھی ٹھیک نہیں۔ ایک لائن کی تبدیلی استاد خود کر لے، کیونکہ ایجنٹ کو سمجھانا اس کام سے لمبا ہو جائے گا۔
استاد کا کام سب کچھ خود کرنا نہیں۔ استاد کا کام یہ یقینی بنانا ہے کہ کام صحیح ہو۔
اگر کسی کو سیٹ اپ میں مدد چاہیے تو بتائیں، میں اپنی فائلیں شیئر کر دوں گا۔ اور کہیں غلطی ہو تو تصحیح ہمیشہ خوش آمدید ہے۔