پیار کتھا
میرا پہلا پیار تو ایک بہت ہی لمبی کہانی ہے، اس پہ لکھائی جاری ہے۔ آج میری تیسری محبت کی کتھا پڑھیں۔
یہ کہانی شروع ہوئی حیدرآباد مہران یونیورسٹی کی پوائنٹ میں۔ میرے عزیز دوست متین بھائی سے بات چل رہی تھی کہ میں گیمز کھیلتا ہوں لیکن باقاعدہ پروفیشنل لیول پہ (ابھی پروفیشنل کا پتہ نہیں تھا، بچے تھے)۔
متین بھائی نے کہا: فیفا کھیلتے ہو؟
میں نے جواب دیا: نہیں یار، شوق تو بہت ہے لیکن کوئی ساتھ کھیلنے والا نہیں۔ کمپیوٹر کے ساتھ مزہ نہیں آتا۔
بھائی نے کہا: میں ہوں نا یار۔
میں نے کہا: بہترین بات ہے، راحیل بھائی کے گیمنگ زون پہ آ جائیں، مزہ کرتے ہیں۔
اب فیفا، جو کہ ایک فٹبال کی کمپیوٹر گیم تھی، وہ تو میں نے 2002 میں کھیلی تھی۔ یہ اس وقت 2006 کی بات ہے اور اس کا 2006 کا ورژن اس وقت کھیلا جا رہا تھا۔
بھائی سے اب کمٹمنٹ کر لی تھی تو راحیل بھائی سے اجازت لے کر ایک کمپیوٹر پہ فیفا انسٹال کی اور شروع ہو گئی پریکٹس۔ متین بھائی کچھ مصروفیات کی وجہ سے کافی دن بعد آئے۔
اب ہم نے فیفا کھیلی اور بہت مزہ کیا۔ گیمنگ زون پہ دوسرے دوستوں نے بھی ہمیں کھیلتے دیکھا اور تبصرہ کیا کہ یہ کیا عجیب سی گیم ہے، کیا اس کے رولز ہیں وغیرہ وغیرہ۔
میں اس وقت زیادہ تر کاؤنٹر اسٹرائیک کھیلا کرتا تھا جو کہ ایک ٹیم گیم ہے — ہر ٹیم میں 5 ساتھی ہوتے ہیں۔ ہماری ٹیم کا نام Simplicity تھا، اور ہم میچ کے دوران Simp انیشل رکھتے تھے (جو کہ آج سوچ کے بڑی چس آتی ہے 😂)۔ اب ٹیم گیمز میں لڑائی بہت ہوتی ہے جس سے میں شدید تنگ تھا (حقیقت میں کھلاڑی میں بیکار تھا — یہ ایک شوٹنگ اور اسٹریٹجی والی گیم تھی جس میں بہت کمزور تھا)۔ میں فیفا کھیلتا رہا، گھر اور گیمنگ زون دونوں جگہ۔ راحیل بھائی، ذیشان بھائی، فہد اور بہت سارے دوست آہستہ آہستہ اس گیم کی طرف راغب ہونا شروع ہو گئے۔
میں اس گیم کو آن لائن انٹرنیشنل لیول پہ کھیلنا شروع ہو گیا۔ GameOn کے نام سے ایک پلیٹ فارم تھا جہاں زیادہ تعداد ایرانی گیمرز کی ہوتی تھی۔ کنکشن بہت برا ہوتا تھا لیکن ہمیں پرواہ نہیں تھی۔ اسی طرح کھیل اور بزنس دونوں کی خاطر ٹورنامنٹ کروانے شروع کیے۔ راحیل بھائی بھی خوش، ہم بھی خوش۔
اسی طرح ESL ایک پلیٹ فارم ملا جہاں یورپین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا تو پتہ چلا کہ پروفیشنل گیمر کیا ہوتا ہے۔ اسلام آباد کے دوست بنے سعد نسیم، کراچی سے ولید، عمر بھائی، بابر دی گریٹ، فرخ دی میجیشن، ایبٹ آباد سے ندیم بھائی — اور Fifa Online Pakistan کا ایک گروپ بن گیا۔
اب اس میں میرا عشق، میرا پیار کہاں ہے؟
اسی گیم کی وجہ سے میں پہلی دفعہ فلی فنڈڈ لاہور کے ٹرپ پہ گیا ٹورنامنٹ کھیلنے 2008 میں، 2009 میں دوبارہ گیا لاہور۔ کراچی گیا دو دفعہ۔
لیکن اس گیم کی بدولت مجھے میرا ایک ایسا عشق ملا جو آج بھی میرے ساتھ ہے۔ 2008 کے ایک ٹورنامنٹ کو جیتنے کے انعام کی صورت میں مجھے ملا iPod mini جو کہ ایک میڈیا پلیئر تھا — آپ اسے MP3 پلیئر بھی سمجھ سکتے ہیں۔
جب یہ مجھے ملا تو میرے پاس اس پہ سننے کو کچھ نہیں تھا۔ گانے سننے کا بالکل شوق نہیں تھا، کول بننے کے لیے 99 Problems سنتا تھا۔
تب مجھے انگلش سیکھنے کا بہت شوق تھا۔ نہ جانے کہاں سے کس نے یہ ٹپ دی کہ انگلش آڈیو بک سنو، اور اگر سمجھ نہ آئے تو شروع میں اسی بک کی PDF اسکرین پہ سامنے رکھو اور سنتے جاؤ اور پڑھتے جاؤ۔
وہ دن ہے اور آج کا دن ہے — سننے والا کام آج بھی جاری ہے۔ کتاب پڑھ نہ سکیں تو سنتے ضرور ہیں، اور یہ ایسا عشق اور پیار ہے جس کی کہانی زندگی کی کہانی کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ شاید اس وقت تک سننے کی تعداد ہزاروں میں جا چکی ہوگی۔
ان تمام دوستوں سے معذرت جن کے نام رہ گئے۔ اردو کی ٹانگ توڑی ہو تو اصلاح ضرور کر دیجیے گا۔